پشاور۔ 02 اپریل (اے پی پی):پی ڈی ایم اے خیبر پختوا نے 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ۔ تر جمان کے مطابق صوبے میں ہونے والی بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 25 افراد جاں بحق اور 77 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 18 بچے ، 2 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 33 مرد ، 9 خواتین اور 35 بچے شامل ہیں۔بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 88 گھر وں کو نقصان پہنچا جن میں 71 گھروں کو جزوی جبکہ 17 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ ، پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، لکی مروت ،کرم، ہنگو، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر اپر ،باجوڑ، بٹگرام ، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداراے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جو 4 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ حکام نے عوام سےاپیل کی ہے کے بلا وجہ سفر سے گریز اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اس کے علاوہ حکومتی اداروں کی جانب سے الرٹس/ اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ، موسمی صورتحال سے آگائی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔