پی ایس ایل11 ، لاہور پولیس نے سکیورٹی مزید سخت کر دی

پی ایس ایل11 ، لاہور پولیس نے سکیورٹی مزید سخت کر دی

لاہور۔30مارچ (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کریک ڈائون مزید تیز کر دیا ہے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق سال 2026 کے دوران ٹریول آئی سافٹ ویئر کی مدد سے 17 لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد کی چیکنگ کی گئی، جبکہ ہوٹل آئی سافٹ ویئر کے ذریعے 2 لاکھ 83 ہزار سے زائد مسافروں کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا۔ اسی طرح سمارٹ آئی سافٹ ویئر کے ذریعے 6 ہزار 822 غیر ملکیوں کا ڈیٹا ویری فائی کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 270 اشتہاری مجرمان اور 58 عدالتی مفروروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جا رہا ہے اور شہر بھر میں ہوٹلز، گیسٹ ہاسز اور ٹریول پوائنٹس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرائم کنٹرول کیلئے ٹیکنالوجی بیسڈ انٹیلی جنس شیئرنگ سسٹم کو فعال بنایا گیا ہے جبکہ ہوٹل انڈسٹری اور ٹریول آپریٹرز کو مسافروں کے مکمل کوائف کے اندراج کا پابند بنایا جا رہا ہے۔