اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی )نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال لاہور میں ایک مبینہ واقعہ کا نوٹس لیا ہے جس میں آپریشن تھیٹر کے اندر مریضوں کی ویڈیو بنانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق ایک ویڈیو جو مبینہ طور پر آپریشن تھیٹر کے اندر ریکارڈ کی گئی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں طبی عملے کو غیر پیشہ وارانہ رویہ اختیار کرتے اور جراحی کے عمل کو نامناسب انداز میں انجام دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس واقعہ نے مریضوں کے وقار، رازداری اور طبی اخلاقیات کی پاسداری کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔پی ایم اینڈ ڈی سی نے ہسپتال انتظامیہ اور ان ڈاکٹروں کو باقاعدہ نوٹس جاری کئے ہیں جو مبینہ طور پر ویڈیو بنانے اور اسے پھیلانے میں ملوث ہیں۔
کونسل نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ وضاحت پیش کریں جس میں اپنے کردار اور اس واقعہ کے حالات و واقعات کی وضاحت کریں۔پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق مریضوں کی اجازت کے بغیر خاص طور پر حساس طبی ماحول جیسے آپریشن تھیٹر میں ویڈیو بنانا پیشہ وارانہ اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ مریضوں کے حقوق اور رازداری کے اصولوں کے منافی ہے۔صدر پی ایم اینڈ ڈی سی رضوان تاج نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں اور متعلقہ ضابطہ جاتی فریم ورک کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔کونسل نے درج ذیل امور ’’ویڈیو بنانے اور شیئر کرنے میں ملوث ڈاکٹروں کی شناخت ، ریکارڈنگ سے قبل کسی قسم کی اجازت (کنسینٹ) کا طریقہ کار اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے تادیبی اقدامات ‘‘کی مکمل تفصیلات طلب کی ہیں۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے کہا ہے کہ وضاحتیں موصول ہونے کے بعد ان کا جائزہ لیا جائے گا اور مناسب ضابطہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں ڈاکٹروں کے خلاف تادیبی کارروائی بھی شامل ہو سکتی ہے۔کونسل نے مزید کہا کہ وہ اخلاقی اصولوں کی کسی بھی خلاف ورزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رکھتی ہے خصوصاً ایسے معاملات میں جو مریضوں کی رازداری اور وقار کو متاثر کریں، ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی مریضوں کے حقوق کے تحفظ، طبی اخلاقیات کی پاسداری، اور صحت کے نظام پر عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کی پابند ہے۔