لاہور۔2اپریل (اے پی پی):سنٹرل پولیس آفس لاہور میں پولیس شہدا کے بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس شہدا کے41 بچوں میں جدید لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں میڈیکل،انجینئرنگ،آئی ٹی سمیت جدید ٹیکنالوجی پروگرامز میں زیر تعلیم طلبا و طالبات شامل ہیں۔عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈز سے اب تک پولیس شہدا کے308 بچوں کو جبکہ رواں سال106 بچوں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید لیپ ٹاپس طلبا و طالبات کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ کیریئر اور سکلز ڈویلپمنٹ میں معاون ثابت ہوں گے۔
آئی جی پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک و قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی فیملیز کی فلاح و بہبود کیلئے مزید وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کے بچوں کو ملکی و غیر ملکی تعلیمی اداروں میں تعلیم کیلئے سکالرشپس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں لاہور کے 15،سیالکوٹ،رحیم یار خان اور جھنگ کے 3،3 جبکہ ننکانہ صاحب اور سرگودھا کے 2،2 طلبا و طالبات شامل ہیں۔اسی طرح خانیوال کے2 جبکہ گوجرانوالہ، نارووال، گجرات، راولپنڈی، چکوال، ملتان، پاکپتن، اٹک اور فیصل آباد سمیت سپیشل برانچ اور ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب کے ایک،ایک طالب علم کو بھی لیپ ٹاپ فراہم کئے گئے