اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر،قیمتوں کے رحجان اورتوانائی سے متعلق دیگرامورکاروزانہ کی بنیادپرجائزہ لیاجارہاہے۔پیرکوقومی اسمبلی کے اجلاس میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے صورتحال کے حوالہ سے بحث کاآغازکرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ فروری کے آخرمیں جب علاقائی بحران شروع ہواتووزیراعظم نے کوئی وقت لئے بغیراقدامات کئے، وزیراعظم نے پوری کابینہ کوبتایا کہ اس بحران کے دوران پیداہونے والی صورتحال کا سامنا فعال اورموثر اندازمیں کرنا ہے،
وزیراعظم نے ویک اینڈپر پٹرولیم مصنوعات کی نگرانی کیلئے ایک کمیٹی قائم کی جس میں وزیر پٹرولیم، وزیربحری امور،وزیرقومی غذائی تحفظ، وزیرتجارت اور گورنرسٹیٹ بینک شامل تھے،یکم مارچ سے کمیٹی کے اجلاس یومیہ بنیادوں پرہورہے ہیں۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کے حوالہ سے تمام امورکااحاطہ کیاجارہاہے،
اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کے سٹاک،قیمتوں اوراس کے ساتھ ساتھ علاقائی وعالمی رحجانات کاجائزہ لیاجارہاہے، وزیراعظم خود بھی اس کی نگرانی کر رہے ہیں،نائب وزیراعظم کی صدارت میں بھی ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جوصورتحال کاجائزہ لے رہی ہے۔