اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):قائد اعظم یونیورسٹی میں انتظامی امور چلانے کے لئے پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے قائم مقام وائس چانسلر کا چارج سنبھال لیا ہے۔ منگل کو جامعہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی جامعہ کے تدریسی، تحقیقی اور انتظامی امور کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال ایک تجربہ کار ماہرِ تعلیم اور محقق ہیں جو قومی و بین الاقوامی سطح پر علمی خدمات کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔
ان کی تعیناتی کو جامعہ میں جاری انتظامی تسلسل کو برقرار رکھنے اور تعلیمی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے گزشتہ روز ڈاکٹر ظفر نواز جسپال کو قائد اعظم یونیورسٹی کا قائم مقام وائس چانسلر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہے اور تین ماہ کی مدت یا مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک جو بھی پہلے ہو، موثر رہے گی۔ یہ اقدام مجاز اتھارٹی کی منظوری سے عمل میں لایا گیا ہے۔