پنجاب پولیس کے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے لئے سکیورٹی انتظامات مکمل

پنجاب پولیس کے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے لئے سکیورٹی انتظامات مکمل

لاہور۔1اپریل (اے پی پی):پنجاب پولیس نے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گڈ فرائیڈے کے2270 پروگرامز پر13 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے،ایسٹر کے3153 پروگرامز پر17 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض ادا کریں گے۔لاہور میں گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر سکیورٹی پر5ہزار سے زیادہ پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہوں گے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں30 ہزار سےزیادہ پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری،سنائپرز اور کمانڈوز تعینات کئے جائیں،شرکا کو مکمل چیکنگ،شناخت کے بعد ہی گرجا گھروں میں داخلے کی اجازت دی جائے،پولیس اور کمیونٹی رضا کار انتہائی چوکس رہیں،مشکوک افراد،سامان،اطراف کی نقل و حرکت پرکڑی نظر رکھیں،سینئر پولیس افسران گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کریں۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز، پولیس افسران گرجا گھروں کی انتظامیہ سے مسلسل رابطہ میں رہیں۔ڈولفن، پی آر یو،ایلیٹ فورس کے جوان حساس گرجا گھروں کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔ایسٹر کے موقع پر پارکس اور تفریحی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے،ایسٹر کی دعائیہ و مذہبی تقریبات کے اختتام تک کوئی بھی اہلکار اپنا ڈیوٹی پوائنٹ ہر گز نہ چھوڑے، شہروں کے داخلی وخارجی راستوں پر سکیورٹی چیکنگ مزید سخت کی جائے۔