پاکستان نیوی اور پیپلز لبریشن آرمی(نیوی) کے درمیان مشترکہ بحری مشق کا کامیاب انعقاد

پاکستان نیوی اور پیپلز لبریشن آرمی(نیوی) کے درمیان مشترکہ بحری مشق کا کامیاب انعقاد

راولپنڈی ۔1اپریل (اے پی پی):پاکستان نیوی اور پیپلز لبریشن آرمی(پی ایل اے)(نیوی) کے درمیان مشترکہ بحری مشق سی گارڈین چہارم کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون، باہمی ہم آہنگی اور علاقائی سمندری سلامتی کو فروغ دینا تھا۔بدھ کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق مشق سی گارڈین چہارم25 مارچ سے یکم اپریل 2026 تک پاکستان نیوی اور پی ایل اے (نیوی) کے درمیان منعقد ہوئی، جس کا مقصد باہمی آپریشنل صلاحیت (انٹرآپریبلٹی) اور بحری تعاون کو فروغ دینا تھا۔ اس مشق میں کراچی میں پانچ روزہ پورٹ فیز اور شمالی بحیرۂ عرب میں دو روزہ سی فیز شامل تھے۔

پورٹ وزٹ کے دوران، پی ایل اے نیوی کے جہاز ڈاچنگ کا استقبال پی این ایس تیمور نے کیا۔ سرگرمیوں میں باہمی دورے، بحری تنصیبات پر بریفنگز، سمندری چیلنجز پر پیشہ ورانہ تبادلۂ خیال اور نوجوان افسران کے لیے پہلی بار منعقد ہونے والا سیمینار شامل تھا۔سی فیز میں اہم مشقوں میں ملٹی ڈومین جنگی خطرات کے خلاف فضائی دفاعی مشقیں، پاکستان نیوی کی آبدوز کے ساتھ آپریشنز، روایتی بحری جنگی مشقیں اور لائیو گنری فائرنگ شامل تھیں، جنہوں نے آپریشنل اور ٹیکٹیکل ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا۔یہ مشق بحیرۂ عرب میں مشترکہ گشت کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس نے دونوں بحری افواج کے علاقائی بحری سلامتی اور استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔