اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی سفارتی تاریخ کا ایک اہم اور تاریخی دن ہے، جب ملک نے عالمی سطح پر ایک بڑے جنگی بحران کو کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے دنیا کو ممکنہ تباہی سے بچانے میں اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں نبھائی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں جہاں بڑی طاقتوں کے درمیان کشیدگی عروج پر تھی، پاکستان نے نہایت متوازن، مدبرانہ اور فعال سفارتکاری کے ذریعے امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ کاوشیں نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کے لئے انتہائی اہم ثابت ہوئی ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شب و روز انتھک محنت، دانشمندانہ فیصلے اور بروقت اقدامات کے باعث یہ ممکن ہوا کہ کشیدگی میں کمی آئے اور جنگ کے خطرات ٹل سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قیادت نے نہ صرف قومی مفادات کا تحفظ کیا بلکہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مثبت اور ذمہ دارانہ تشخص بھی اجاگر کیا۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ جنگی صورتحال کے باعث عالمی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہو رہی تھی جبکہ ترقی پذیر ممالک بالخصوص پاکستان جیسے ممالک کے لئے اس کے اثرات نہایت گہرے اور نقصان دہ ہو سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ، تجارتی سرگرمیوں میں کمی اور سماجی بے چینی جیسے مسائل عالمی سطح پر شدت اختیار کر رہے تھے تاہم پاکستان کی مؤثر سفارتکاری نے ان خطرات کو کم کرنے میں مدد فراہم کی۔انہوں نے مزید کہا کہ الحمدللہ، پاکستان اور اس کی قیادت نے ایک بہترین رول ماڈل کے طور پر دنیا کے سامنے اپنی مثبت، ذمہ دار اور امن پسند پالیسیوں کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پیشرفت کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار اور ساکھ مزید مستحکم ہوگی اور دنیا بھر کی نظریں پاکستان کی جانب مرکوز رہیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ بھی عالمی امن، استحکام اور ترقی کے لئے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر ایک محفوظ اور پرامن دنیا کے قیام میں اپنا حصہ ڈالتا رہے گا۔