پاکستان نے بحران سے جنگ بندی تک سفارتکاری کا مؤثر کردار ادا کیا ہے ، خرم شہزاد

پاکستان نے بحران سے جنگ بندی تک سفارتکاری کا مؤثر کردار ادا کیا ہے ، خرم شہزاد

اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان نے بحران سے جنگ بندی تک سفارتکاری کا ایسا مؤثر کردار ادا کیا ہے جو عالمی مستقبل کی تشکیل میں نمایاں حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی مذاکرات کی میزبانی کرتے ہوئے پاکستان نے عالمی استحکام کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جس سے اس کی حیثیت ایک ابھرتی ہوئی امن پسند قیادت کے طور پر مزید مستحکم ہوئی ہے۔امریکہ، چین، خلیجی ممالک اور روس سمیت بڑی عالمی طاقتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دی جا رہی ہے جہاں ناممکن کو ممکن بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نےسیکیورٹی، استحکام اور عالمی سطح پر بڑے ایونٹس کی کامیاب میزبانی کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے، جبکہ عالمی سطح پر اس کا تشخص ایک بااعتماد، سنجیدہ اور مثبت ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی عالمی مہمانوں کو متاثر کر رہی ہےجبکہ سیاحت کے شعبے میں بھی ملک اپنی ثقافت، پہاڑوں اور ساحلی حسن کے باعث توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے،

کھیل، ثقافت اور بقائے باہمی کے فروغ کے ساتھ پاکستان میں زندگی بھرپور انداز میں جاری ہے اور عالمی میڈیا بھی اب ایک مضبوط، ترقی پذیر اور باوقار پاکستان کو اجاگر کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اب محض عالمی مکالمے کا حصہ نہیں بلکہ خود ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں امن، مکالمہ اور مستقبل کی سمت کا تعین کیا جا رہا ہے۔