پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی قیادت کو امن، دانشمندی اور ذمہ داری کی علامت کے طور پر پیش کیا ،وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی قیادت کو امن، دانشمندی اور ذمہ داری کی علامت کے طور پر پیش کیا ،وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی قیادت کو امن، دانشمندی اور ذمہ داری کی علامت کے طور پر پیش کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جرات مندانہ اور دور اندیش قیادت میں ملک نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں فعال اور تزویراتی کردار ادا کیا ہے۔ بدھ کو’’ ایکس ‘‘پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی مسلسل، مربوط اور چوبیس گھنٹے سفارتی کوششوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کو موثر انداز میں پیش کیا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مضبوط، متوازن اور فیصلہ کن حکمت عملی نے اس سارے عمل میں استحکام اور طاقت کو تقویت بخشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح طور پر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ محض تماشائی نہیں بلکہ ایک سرکردہ قوت ہے جو نہ صرف اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرتی ہے بلکہ پورے خطے میں امن، مذاکرات اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات بھی کرتی ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں میں اس کا کردار ایک ذمہ دار ریاست کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ایک ایسی قیادت ہے جو انتہائی مشکل وقت میں سمت کا تعین کرتی ہے۔ یہ ایک ایسا عزم ہے جو امن کے لیے دن رات انتھک محنت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اتحاد، استحکام اور دیرپا امن کے لیے اپنے عزم میں ثابت قدم ہے۔