پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی قیادت میں ترکیہ کی جامعات کے وفد کا ایچ ای سی پاکستان کا دورہ

پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی قیادت میں ترکیہ کی جامعات کے وفد کا ایچ ای سی پاکستان کا دورہ

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی قیادت میں ترکیہ کی جامعات کے ایک وفد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کا دورہ کیا ۔اس موقع پر اعلیٰ تعلیم میں تعاون کو وسعت دینے کے لئے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں شامل ٹوکت گازیوسمانپاسا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر فتح یلماز، ادیامان یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر مہمت کیلیش، فرات یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر فخرتین گوکتاس اور بے برٹ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر متلو ترکمان ، نے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختراور ایچ ای سی کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اورپاکستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

فریقین نے ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے کہ مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹائزیشن میں تعلقات کو مضبوط بنانے اور طب، زراعت، طبیعیات، بائیو ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل، سماجی علوم اور اردو اور ترکیہ سمیت زبانوں میں مشترکہ تحقیق کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے طلباء اور اساتذہ کے تبادلے کے پروگراموں، مشترکہ تحقیق کے اقدامات، کانفرنسوں، خصوصی شعبوں میں سکالرز کے دوروں کے پروگراموں، مشترکہ اور دوہری ڈگری پروگراموں اور مختلف شعبوں میں آن لائن سیکھنے کے عمل میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے ماہرین پر مشتمل ایک پُول قائم کرنے کی تجویز پیش کی جو قدرتی، حیاتیاتی اور سماجی علوم، سٹریٹجک سٹڈیز، دفاع سے متعلق تحقیق اور ابھرتے ہوئے عالمی منظر نامے سے متعلق پالیسی پیپرزکی ترتیب جیسے شعبوں میں تعاون کر سکیں۔چیئرمین ایچ ای سی اور ترک سفیر نے متعلقہ شعبوں کے ماہرین جنہیں فزیکل اور آن لائن کورسز کی فراہمی اور باہمی تحقیقی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے وزٹنگ فیکلٹی کے طور پر نامزد کیا جا سکتا ہے ،کی فہرست مرتب کرنے پر اتفاق کیا ۔چیئرمین ایچ ای سی نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ایچ ای سی کے عزم کا اعادہ کیا۔