اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے جس کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، ملک میں بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل مواقع سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ایس آ ئی ایف سی حکام کے مطابق اس سلسلے میں چین کی معروف کمپنی چینی فن وولیوشن گروپ اور فن لیپ کے وفد (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سے ملاقات کی۔ملاقات میں ڈیجیٹل فنانس، ریگولیٹری اصلاحات اور مالی شمولیت کے فروغ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے ایس ای سی پی کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں جدید مالیاتی حل متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔
چینی فن وولیوشن گروپ اور فن لیپ اس وقت پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دے رہی ہیں۔ فن لیپ کا ’’دائرہ‘‘ پلیٹ فارم صارفین کو آسان اور فوری ڈیجیٹل قرضہ سہولیات فراہم کر رہا ہے، جو مالیاتی خدمات تک رسائی کو مزید بہتر بنا رہا ہے۔کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کم سہولت یافتہ طبقات کے لیے باضابطہ کریڈٹ تک رسائی میں اضافہ متوقع ہے، جو مالی شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔شنگھائی میں قائم اور نیویارک سٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ فن ووکیشنل گروپ کی پاکستان میں توسیع عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہے۔یہ پیش رفت پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس، غیر ملکی سرمایہ کاری اور مالی شمولیت کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھ رہی ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوگی ۔