اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):بین الاقوامی و چینی امور کے ماہر رشید صافی نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ سیاسی و عسکری قیادت خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے متحرک اور فعال کردار ادا کر رہی ہے۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں سفارتی روابط کو مضبوط بنایا جا رہا ہے جبکہ وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کا حالیہ دورہ بیجنگ مثبت اثرات کا حامل ہوگا اور اس کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
رشید صافی کے مطابق حالیہ عرصے میں پاکستان نے نہ صرف ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی سنجیدہ کوششیں کی ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک ذمہ دار اور مثبت ریاست کے طور پر اپنا کردار اجاگر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات، سرحدی سکیورٹی کو بہتر بنانے اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے جو اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔