پاکستان کی معاشی کامیابیوں اور ’’کرپٹو ڈپلومیسی‘‘ کے دشمن بھی معترف

پاکستان کی معاشی کامیابیوں اور ’’کرپٹو ڈپلومیسی‘‘ کے دشمن بھی معترف

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):بااثر قومی قیادت کی دور اندیشی، موثر پالیسی سازی اور مضبوط وژن کے باعث پاکستان عالمی سطح پر معاشی اور سفارتی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے، جن کا اعتراف اب بین الاقوامی میڈیا حتیٰ کہ بھارتی میڈیا بھی کھلے الفاظ میں کر رہا ہے۔حکام کے مطابق بھارتی میڈیا میں پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیت، موثر سفارت کاری اور جدید حکمت عملی کے حوالے سے مثبت تبصرے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان عالمی سفارتی محاذ پر اپنی برتری مستحکم کر رہا ہے۔دی ٹائمز آ ف انڈیا کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حالیہ مہینوں میں پاکستانی قیادت کی تعریف نے دونوں ممالک کے تعلقات میں ذاتی نوعیت کے پہلو کو مزید تقویت دی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ Zachary Witkoff کے ساتھ روابط نے واشنگٹن میں پاکستان کے اثر و رسوخ میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

مزید برآں، اسی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی اس بڑھتی ہوئی سفارتی رسائی کے پیچھے بلال بن ثاقب کا کلیدی کردار سامنے آیا ہے، جو 2025 کے دوران تیزی سے پالیسی سازی کے نظام میں ایک اہم نام کے طور پر ابھرے ہیں۔ انہوں نے عالمی کرپٹو دنیا کی معروف شخصیات سے روابط استوار کیے جن میں بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ، کیتھی ووڈ اور مائیکل سیلر شامل ہیں،اسی طرح این ڈی ٹی وی کے مطابق، بلال بن ثاقب کی ڈونلڈ ٹرمپ کے کرپٹو منصوبے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے مشیر کے طور پر شمولیت ایک بڑی سفارتی اور تکنیکی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے “کرپٹو ڈپلومیسی” کے ذریعے وائٹ ہاؤس کے ساتھ اعتماد سازی کو فروغ دیا ہے، جو مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔ماہرین کے مطابق پاکستان کی باصلاحیت افرادی قوت، تیزی سے ابھرتی ڈیجیٹل معیشت اور جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی صلاحیت ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور متحرک معاشی و سفارتی کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں آ چکا ہے۔