اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (پپس) نے پارلیمانی استعداد کار کے فروغ کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، پاکستان کو عالمی پارلیمانی تربیتی اداروں (پی ٹی آئیز) کی عبوری سٹیئرنگ کمیٹی کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔پپس سے جاری بیان کے مطابق اس کمیٹی میں انٹر پارلیمنٹری یونین کے علاوہ پانچ ممالک انگولا، کیمرون، گھانا، کینیا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔یہ کامیابی چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی جو پپس کے بورڈ آف گورنرز کے صدر بھی ہیں ، اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر عاصم خان گورایا کی رہنمائی میں حاصل ہوئی۔مزید برآں پپس کو عالمی پارلیمانی تربیتی اداروں کی دوسری کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے جو 3 سے 5 فروری 2027ء تک اسلام آباد میں متوقع ہے۔
یہ کانفرنس انٹر پارلیمنٹری یونین کے اشتراک سے منعقد کی جائے گی۔یہ فیصلے 23 اور 24 مارچ 2026ء کو اکرا، گھانا میں منعقد ہونے والی افتتاحی پی ٹی آئیز کانفرنس کے دوران کیے گئے۔ پپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم نے وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات کے تحت اپنا دورہ منسوخ کرتے ہوئے کانفرنس میں ورچوئلی شرکت کی۔حکام کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کے بین الاقوامی پارلیمانی تعاون، جمہوری اداروں کے استحکام اور قانون سازی کی صلاحیت بڑھانے میں فعال کردار کو مزید مضبوط بنائے گی۔اسلام آباد میں اس کانفرنس کی میزبانی سے پاکستان کو اپنی پارلیمانی ترقی کو اجاگر کرنے، عالمی تربیتی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے اور جمہوری مضبوطی، قانون سازی کی پیشہ ورانہ مہارت اور استعداد کار کے موضوعات پر بامعنی گفتگو میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔