اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ٹیلیفون کرکے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے قیام میں وزیراعظم کی فعال سفارتی کاوشوں اور موثر کردار کو سراہا اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے اس اہم مرحلے پر قومی اتحاد و یگانگت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کے خیالات اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال میں باہمی مشاورت اور قومی ہم آہنگی ناگزیر ہے تاکہ درپیش چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔