پاکستان کا’’زیرو ڈیفیکٹ‘‘حج آپریشن، 1152 خدام الحجاج کی سپیشلائزڈ ٹریننگ مکمل

پاکستان کا’’زیرو ڈیفیکٹ‘‘حج آپریشن، 1152 خدام الحجاج کی سپیشلائزڈ ٹریننگ مکمل

خرم شہزاد

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج آپریشنز میں سٹریٹجک تبدیلی لاتے ہوئے پہلی بار ’’ خدام الحجاج‘‘ کی فیلڈ ڈپلائمنٹ کے ساتھ 1152 اہلکاروں کی تین روزہ ’’سپیشلائزڈ ٹریننگ‘‘ مکمل کر لی ہے۔ جدید ‘سمارٹ سروس ماڈل’ کے تحت ہر خادم کو اس کی مخصوص ذمہ داریوں (JDs) کے مطابق مہارت فراہم کی گئی ہے تاکہ حجازِ مقدس میں ‘زیرو ڈیفیکٹ’ سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ خدام اب محض انتظامی معاون نہیں بلکہ ‘ضیوف الرحمن’ کے لیے ‘محافظ اور گائیڈ’ کا کردار ادا کریں گے۔کوآرڈینیٹر مکہ و خدام الحجاج ذوالفقار خان نے بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور اور وفاقی سیکرٹری کی ہدایات پر خدام کی 10 روزہ جنرل ٹریننگ کے بعد، دوسرے مرحلے میں سپیشلائزڈ ٹریننگ کو تین کلیدی حصوں میں تقسیم کیا گیا۔

ذوالفقار خان نے بتایا کہ سپیشلائزڈ ٹریننگ کے پہلے دن خدام کو عمارتوں کے معائنے، حجاج کی انڈکشن اور وہیل چیئرز کی تقسیم پر ‘آڈیو ویژوئل’ بریفنگ دی گئی، جبکہ ناظمین کو ‘مشاعر اسٹریٹیجی’ (منیٰ و عرفات موومنٹ) پر مکمل عبور حاصل کروایا گیا۔دوسرے دن (سروس ایکسیلنس) میں بسوں کی ریکوئزیشن، ڈراپ پوائنٹ ڈیوٹی اور کچن مینو کی نگرانی جیسے حساس معاملات پر مشقیں کروائی گئیں۔ اس دوران ‘کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم’ (سی یم ایس) کے ذریعے شکایات کے فوری ڈیجیٹل ازالے کی تربیت بھی دی گئی۔تربیت کے تیسرے دن حجاج کے گمشدہ سامان کی تلاش اور مدینہ منورہ کے مخصوص آپریشنز پر زور دیا گیا۔

تربیت کے اختتام پر شرکا کی سیکھنے کی صلاحیت پرکھنے کے لیے ‘کوئز’ بھی لیا گیا۔ تربیت کے دوران واضح کیا گیا کہ خدام کے لیے مخصوص جیکٹ، جی پی ایس ٹریکنگ اور نفلی عبادات پر ‘خدمتِ حجاج’ کو مقدم رکھنا لازمی ہے۔ بدعنوانی، تحائف وصول کرنے یا ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر فوری واپسی اور بلیک لسٹنگ جیسی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔