پاکستان کاسفارتی کوششوں سے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا قابلِ تحسین اقدام ہے، میاں کاشف اشفاق

پاکستان کاسفارتی کوششوں سے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا قابلِ تحسین اقدام ہے، میاں کاشف اشفاق

لاہور۔12اپریل (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل( پی ایف سی )کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کو اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کی جانے والی سنجیدہ اور فعال سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں جن کا مقصد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنا ہے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بروقت مداخلت نے ایسے نازک موقع پر مکالمے کی راہ ہموار کی جب خطہ مزید عدم استحکام کی طرف بڑھ رہا تھا۔

میاں کاشف اشفاق کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلسل سفارتی کاوشیں بامعنی نتائج کا سبب بنیں گی جس سے نہ صرف خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر اسلام آباد کا کردار انتہائی اہم ثابت ہوا جس نے دونوں ممالک کے درمیان نازک جنگ بندی ممکن بنانے اور اعلیٰ سطحی مذاکرات کے آغاز میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی سفارتی کوششیں پاکستان کے عالمی وقار میں اضافے کا باعث بنتی اور خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوتی ہیںجو معاشی استحکام اور تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں طویل تنازعات عالمی توانائی منڈیوں اور سپلائی چینز کو متاثر کرتے ہیں جن کے منفی اثرات پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک پر بھی پڑتے ہیں،لہذا مکالمے کے ذریعے کشیدگی میں کمی عالمی تجارت اور کاروبار کے وسیع تر مفاد میں ہے۔