اقوام متحدہ ۔10اپریل (اے پی پی):پاکستان نے کوسوو اور سربیا کے درمیان دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے اعتماد سازی اور مذاکرات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے دونوں فریقین کو بات چیت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوسوو اور سربیا کے درمیان اعتماد کی بحالی ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں اشتعال انگیز بیانات، نفرت انگیز تقاریر اور نسلی کشیدگی کو بڑھنے سے روکنا ضروری ہے، ورنہ امن و استحکام متاثر ہو سکتا ہے۔
ان کے مطابق دیرپا امن کے لیے سنجیدہ اور مسلسل مذاکرات، معاہدوں پر مکمل عملدرآمد اور کشیدگی میں کمی ناگزیر ہے۔پاکستانی مندوب نے یورپی یونین کی ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں فریقین تعمیری تعاون جاری رکھیں گے اور یکطرفہ اقدامات سے گریز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلقان خطے نے ماضی میں بہت نقصان اٹھایا ہے، اس لیے اب مستقبل کو مختلف ہونا چاہیے اور اصولوں، صبر اور باہمی احترام کو ترجیح دینا ہوگی۔
اجلاس میں اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندے نے بھی کہا کہ اگرچہ حالیہ انتخابات میں وسیع شرکت دیکھنے میں آئی ہے، تاہم سیاسی تعطل اور انتظامی چیلنجز اب بھی موجود ہیں، جبکہ اداروں اور برادریوں کے درمیان اعتماد سازی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔