اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین ہماری جمہوریت کی بنیاد ہے جو شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور ریاستی اداروں کے استحکام کو یقینی بناتا ہے، قومی ترقی اور خوشحالی کے لیےاتحاد اور دیانتداری کے ساتھ آئین کی پاسداری کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم دستور کے موقع پر کیا جو ہر سال 10 اپریل کو منایا جاتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 10 اپریل 1973ء کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس دن پاکستان نے متفقہ آئین کو اپنایا جو ملک کی جمہوری تاریخ کا ایک فیصلہ کن لمحہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس آئین نے قومی یکجہتی، شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کا احترام، قانون کی حکمرانی اور جمہوری روایات کا تسلسل پائیدار قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے 1973ء کی قومی اسمبلی کے ارکان اور اس وقت کی سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک ایسا آئینی ڈھانچہ تشکیل دیا جو آج بھی پاکستان میں طرز حکمرانی اور جمہوری اداروں کی رہنمائی کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئین ملک کا اعلیٰ ترین قانون ہے جو ریاستی اداروں کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا تعین کرتا ہے، شہریوں کے حقوق کا خاکہ پیش کرتا ہے اور ہر سطح پر احتساب کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی میں بہتری، طرز حکمرانی کو موثر بنانے اور شفافیت کے فروغ کے لیے پارلیمنٹ کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد اور آئینی اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی پاکستان کی مضبوطی اور ترقی کو تقویت دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی فعال سفارتی کاوشوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور پاکستان کے عالمی وقار اور خودمختاری کو مستحکم کیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد میں مل کر کام کریں اور 1973ء کی اسمبلی کے اشتراکی جذبے سے رہنمائی حاصل کریں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو آئین سے آگاہ کرنے اور انہیں جمہوری اصولوں کی پاسداری اور قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے یوم دستور کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں متعارف کرایا گیا 1973ء کا آئین پاکستان کی جمہوری خودمختاری، وفاقیت اور قومی یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1973ء کی اسمبلی کی آئینی کامیابیاں پاکستان کی تاریخ کا ایک قابل فخر باب ہیں اور قومی خدمت کے لیے عزم کی روشن مثال ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کی ترقی و خوشحالی اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ آئین اور اس میں درج جمہوری اصولوں کی مضبوطی سے پاسداری پر منحصر ہے۔a