اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خطے میں امن کے قیام کے لیے کامیاب سفارتی کوششوں پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ پیش رفت کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی ممکن ہوئی جو عالمی سطح پر پاکستان کے کردار اور اعتماد میں اضافے کی واضح علامت ہے۔
چیف آرگنائزراحمد جواد نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب سفارتکاری نہ صرف پاکستان کی متوازن اور مدبرانہ خارجہ پالیسی کی عکاسی ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان عالمی برادری میں ایک ذمہ دار اور مؤثر ریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیچیدہ علاقائی حالات میں پاکستان نے جس بصیرت اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تقلید ہے۔
احمد جواد نے کہا کہ بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ہو رہی ہیں اور موجودہ حالات میں بھارت خود سفارتی تنہائی کا شکار دکھائی دیتا ہے جبکہ پاکستان نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ نہ صرف خطہ بلکہ عالمی سطح پر بھی تنازعات کے حل میں مؤثر ثالثی کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت نے بروقت اور دانشمندانہ اقدامات کے ذریعے نہ صرف خطے کو ممکنہ تباہی سے بچایا بلکہ پوری تہذیب کو بھی محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے پاکستان بزنس فورم کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں اسلام آباد عالمی توجہ کا مرکز بنے گا، بھارت بے چین رہے گا اور یہ پیش رفت اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جو کامیاب سفارتکاری کی عکاسی ہے۔