پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئےترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا، وزیراعظم کا یومِ دستور 10 اپریل 2026 کے موقع پر پیغام

پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئےترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا، وزیراعظم کا یومِ دستور 10 اپریل 2026 کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1973کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے،تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں،پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئےترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے یومِ دستور 10 اپریل 2026 کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا آج ہم آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبہ سے منا رہے ہیں، ہم دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آئین عوام اور ریاست کے مابین مقدس معاہدے کا نام ہے جو دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔ 10 اپریل 1973 کو منظور کیے گئے متفقہ آئین پاکستان نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام حکومت اور ریاست پاکستان کے مضبوط ادراجاتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ 1973کا آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے، یہ آئینی دستاویز تفصیل سےنہ صرف بنیادی انسانی حقوق کو بیان کرتی ہے بلکہ ان کی فراہمی کے لئے قانونی لائحہ عمل کو بھی یقینی بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 1973کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے وفاق پاکستان کی تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں اور تابندہ مستقبل کے لئے کام کرنے کے لئے پر عزم ہیں، یہی قابل رشک اتفاق اللہ بزرگ و برتر کا ملک خداداد پر اپنے فضل و کرم کا عکاس ہے

۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جس عزت واکرام سے نوازا ہے اس کے لئے ہمارے سر اس کے آگے سر بسجود ہیں،پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئے ہوئے اپنی ترقی و خوشحالی کا سفر انشاءاللہ جاری رکھے گا۔