اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹردانیال چوہدری نےکہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر امن اور استحکام کے لیے ایک مؤثر اور فیصلہ کن آواز بن کر ابھرا ہے جس کا سہرا متحدہ قیادت اور قومی استقامت کو جاتا ہے۔ہفتہ کواپنےبیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تاثر تنہائی سے نکل کر عالمی اہمیت کے حامل ملک کے طور پر ابھرنا دراصل’’حوصلے، جرات اور اتحاد‘‘ کی عکاسی ہے جو اسے ایک ذمہ دار اور بااثر علاقائی کردار کے طور پر پیش کر رہا ہے۔
انہوں نے اس کا کریڈٹ وزیر اعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی قیادت کو دیا اور کہا کہ ان کی’’اسٹریٹجک بصیرت اور مربوط حکمت عملی‘‘ نے ملک کو پیچیدہ چیلنجز سے نکال کر عالمی سطح پر اس کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔پارلیمانی سیکرٹری نے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیاب تکمیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی عسکری تیاری اور عزم کا واضح پیغام گیاجو قوم کی طاقت اور عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، جسے ماضی میں محدود تناظر میں دیکھا جاتا تھا، اب سفارت کاری اور مکالمے کا مرکز بنتا جا رہا ہے جہاں عالمی سطح کی سرگرمیوں کی میزبانی کی جا رہی ہے اور علاقائی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل کوششیں اسے عالمی برادری میں ایک باوقار اور نمایاں مقام دلانے میں مدد دے رہی ہیں جبکہ قیادت کی توجہ امن، استحکام اور معاشی ترقی کے فروغ پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہر پاکستانی ملک کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پہچان اور اثر و رسوخ پر فخر کر سکتا ہے۔