راولپنڈی۔7اپریل (اے پی پی):پاکستان -ترکیہ ہائی لیول ملٹری ڈائیلاگ گروپ نے علاقائی سلامتی، دفاعی و عسکری تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، تربیت و استعداد کار میں اضافہ اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر جامع اور تعمیری گفتگو کی ہے۔منگل کو وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق پاکستان -ترکیہ ہائی لیول ملٹری ڈائیلاگ گروپ(ایچ ایل ایم ڈی جی) کے 20ویں دور کا انعقاد راولپنڈی میں وزارتِ دفاع میں ہوا۔پاکستانی وفد کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد علی ہلالِ امتیاز (ملٹری) ، سیکرٹری دفاع اورایچ ایل ایم ڈی جی کے شریک چیئرمین نے کی جبکہ ترک وفد کی قیادت جنرل لیونت ارگُن، نائب سربراہ ترک جنرل سٹاف اور مکالمے کے شریک چیئرمین نے کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر جامع اور تعمیری گفتگو ہوئی جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی و عسکری تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، تربیت و استعداد کار میں اضافہ اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات شامل تھے۔مکالمے کے اختتام پر شریک چیئرمینز نے اختتامی کلمات ادا کئے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ طرفین نے ایچ ایل ایم ڈی جی کے 20ویں دور کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لئے باقاعدہ روابط جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔