راولپنڈی ۔7اپریل (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف، جنرل لیونت ارگون نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، جاری اسرائیل-امریکہ-ایران تنازع کے باعث خطے کی بحری سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔منگل کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف، جنرل لیونت ارگون نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف نے کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، جاری اسرائیل-امریکہ-ایران تنازع کے باعث خطے کی بحری سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، خصوصاً تربیت اور مشترکہ فوجی مشقوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔پاک بحریہ کے سربراہ نے خطے میں بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔
جنرل لیونت ارگون نے پاک بحریہ کی کوششوں اور مشترکہ بحری سلامتی کے فروغ میں اس کے کردار کو سراہا۔ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کے اس دورے سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اسٹریٹجک تعلقات اور ایک محفوظ و مستحکم بحری ماحول کے قیام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔