نیشنل ایگزامینیشن بورڈ کے امتحانات 16 مئی 2026 کو منعقد ہوں گے، پی ایم ڈی سی

نیشنل ایگزامینیشن بورڈ کے امتحانات 16 مئی 2026 کو منعقد ہوں گے، پی ایم ڈی سی

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی )نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ نیشنل ایگزامینیشن بورڈ (این ای بی) کے امتحانات 16 مئی 2026 کو منعقد ہوں گے،یہ امتحان راولپنڈی میں لیا جائے گا۔ طلبہ کی رجسٹریشن کے لئے پورٹل 9 اپریل سے 24 اپریل 2026 تک کھلا رہے گا۔

تمام اہل امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ پورٹل فعال ہوتے ہی مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔ پی ایم ڈی سی سال میں دو مرتبہ این ای بی کا انعقاد کرتا ہے تاکہ طلبہ کے علم، کلینیکل مہارتوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا جائزہ لیا جا سکے جو بیرونِ ملک میڈیکل یا ڈینٹل تعلیم جزوی طور پر مکمل کر چکے ہوں اور پاکستان میں ٹرانسفر یا داخلہ حاصل کرنا چاہتے ہوں۔ یہ امتحان کمپیوٹر بیسڈ ہوگا اور اس میں ملٹی پل چوائس سوالات شامل ہوں گے۔

وہ پاکستانی طلبہ جو بیرونِ ملک میڈیکل یا ڈینٹل اداروں میں زیرِ تعلیم ہیں، کم از کم دو سال مکمل کر چکے ہوں اور تیسرے سال میں داخل ہو چکے ہوں ،این ای بی دینے کے اہل ہیں۔ اس امتحان میں کامیابی پاکستان کے اداروں میں اگلے تعلیمی سال کے لئے داخلے اور ٹرانسفر / مائیگریشن کے لئے لازمی ہے۔یہ امتحان خاص طور پر ان طلبہ کے لئے بھی ایک موقع ہے جو اس وقت ایران میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ایسے امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ضروری قانونی تقاضے پورے کریں اور بروقت پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن مکمل کریں۔

مزید برآں پی ایم ڈی سی نے طلبہ اور والدین کو مشورہ دیا ہے کہ بیرونِ ملک میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلہ لینے سے پہلے احتیاط برتیں۔ کونسل نے زور دیا کہ طلبہ کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے اور سکیورٹی خدشات اور طویل مدتی تعلیمی امکانات کو مدنظر رکھا جائے۔امتحان کے شیڈول، نصاب اور امتحانی مرکز سے متعلق تفصیلی معلومات پی ایم ڈی سی کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات اور ہدایات کے لئے باقاعدگی سے پی ایم ڈی سی کی ویب سائیٹ پر چیک کرتے رہیں۔