اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کی دعوت پر 31 مارچ 2026 کو چین کا دورہ کریں گے۔پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی مضبوط سٹریٹجک شراکت داری قائم ہے جو علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون اور باقاعدہ مشاورت سے نمایاں ہے۔
اس تناظر میں یہ دورہ دونوں ممالک کو علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ دوطرفہ اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔ نائب وزیراعظم ووزیرِ خارجہ کا یہ دورہ گزشتہ روز کندھے میں معمولی فریکچر کے باعث ڈاکٹروں کی جانب سے آرام کے مشورے کے باوجود اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔