اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول بیروٹ نے ٹیلیفون کیا جس دوران خطے میں دیرپا امن اور استحکام کےلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔
جمعے کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق فرانس کے وزیر خارجہ جین نول بیروٹ نے جنگ بندی کے ابتدائی معاہدے کو حاصل کرنے میں پاکستان کے کردار پر مبارکباد پیش کی اور خطے میں دیرپا امن اور استحکام کےلئے سفارتی عمل آگے بڑھانے کی پاکستان کی مسلسل کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔
دونوں رہنمائوں نے لبنان میں جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی کے مکمل نفاذ اور احترام کی اہمیت پر زور دیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ اور رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔