اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کے درمیان ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے مغربی ایشیا کی علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ، فریقین نے علاقائی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ترقی پذیر ممالک پر اس کے سنگین سماجی و معاشی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کی دعوت پر 31 مارچ تا یکم اپریل بیجنگ کا سرکاری دورہ کیا۔ ملاقات روایتی گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ہوئی، دونوں رہنمائوں نے مغربی ایشیا کی علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی کو پاکستان کی جانب سے تنازعہ کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی کےلئے جاری کوششوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جن میں اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی حالیہ ملاقات بھی شامل ہے۔ دونوں فریقین نے علاقائی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ترقی پذیر ممالک پر اس کے سنگین سماجی و معاشی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اس تناظر میں دونوں ممالک نے خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کےلئے پانچ نکاتی اقدام کا آغاز کیا۔ دونوں فریقین نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ترقی پذیر ممالک پر اس کے سنگین سماجی و معاشی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اس تناظر میں دونوں ممالک نے خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پانچ نکاتی اقدام کا آغاز کیا ہے۔ بیان کے مطابق وزیرِ خارجہ وانگ یی نے مغربی ایشیا میں تنازعہ کے خاتمہ اور امن کے فروغ کےلئے پاکستان کے فعال سفارتی کردار اور کوششوں کو سراہا اور اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی اور اسٹریٹجک تعاون کے فروغ سمیت اعلیٰ سطحی روابط اور تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا بالخصوص اس سال جب دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ نائب وزیرِ اعظم نے وزیرِ خارجہ وانگ یی کی جانب سے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر دلی شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی صورتحال، امن و استحکام کی اہمیت اور دہشت گردی کے موثر انسداد کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بیان کے مطابق دونوں فریقین نے باہمی رابطے کو باقاعدگی سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔