ملتان۔ 12 اپریل (اے پی پی):موٹروے ایم فائیو پر پول نمبر 760 کے قریب ریسٹ ایریا کے نزدیک ایک کنٹینر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قابو پا لیا۔اتوار کو ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو سکھر سے ملتان کی جانب آنے والے 22 ویلر ٹرالر کے کنٹینر میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری طور پر قریبی ایمرجنسی ٹیموں کو روانہ کیا گیا۔ ریسکیو عملہ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فائر فائٹنگ کا عمل شروع کیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق کنٹینر میں مچھر مار ادویات، ویلڈنگ راڈز، ٹائرز اور دیگر پرچون سامان موجود تھا جس کے باعث آگ تیزی سے پھیلی تاہم ریسکیو ٹیم نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریباً 10 منٹ میں آگ پر قابو پا لیا جبکہ مزید 30 منٹ کے کولنگ آپریشن کے بعد آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بعد ازاں کنٹینر کو کاٹ کر باقی سامان نکالنے کا عمل جاری ہے جبکہ موقع پر موٹروے پولیس اور ایف ڈبلیو او کا عملہ بھی موجود ہے۔
ریسکیو حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آتش گیر مواد کی ترسیل کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی جائے۔