موسلادھار بارشوں کے باعث جنوب مغربی/شمالی بلوچستان میں 28 سے 30 مارچ کے دوران فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے،محکمہ موسمیات

موسلادھار بارشوں کے باعث جنوب مغربی/شمالی بلوچستان میں 28 سے 30 مارچ کے دوران فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے،محکمہ موسمیات

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث جنوب مغربی/شمالی بلوچستان ( گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار، خاران، چاغی،دالبندین، قلات، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیرآباد اورلورالائی )میں 28 مارچ کے دوران فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بالائی/وسطی خیبر پختونخوا کے مقامی ندی نالوں میں28 ( شام /رات) سے 30 مارچ کے دوران فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے،شدید آندھی،جھکڑ چلنے،ژالہ باری اوربجلی گرنےکے باعث کمزور انفرا سٹرکچر (بجلی کے کھمبے،بل بورڈز، سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل ہفتہ کوملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے تاہم جنوب مغربی/شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کےعلاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے،شام/رات کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی /وسطی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اس دوران بعض مقامات پر تیز/موسلادھار بارش (چند مقامات پر ژالہ باری) کی توقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہا تاہم جنوب مغربی/شمالی بلوچستان، جنوبی پنجاب اوربالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش بلوچستان تربت 26، گوادر 17، جیوانی 12، بارکھان 08، کوئٹہ 06، سمونگلی 02، پنجاب: ملتان سٹی ، کوٹ ادو 06، کروڑ (لیہ) 05، ملتان ایئرپورٹ 04، بھکر ، خانیوال 03، اوکاڑہ 02، قصور 02، خیبر پختونخوا: دیر میں04 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔جمعہ کوریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی38،دادو،چھور37، شہید بینظیر آباد اور حیدرآباد میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔