موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی اور طرزِ زندگی میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ، احسن اقبال

موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی اور طرزِ زندگی میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ، احسن اقبال

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ہر سطح پر اخراجات میں کمی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ توانائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی بچت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی اور طرزِ زندگی میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی سطح پر کفایت شعاری مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت وزراء کی تنخواہوں میں کٹوتی اور سرکاری گاڑیوں کو گرائونڈ کرنے جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کا ایک ایک قطرہ قیمتی زرمبادلہ خرچ کر کے درآمد کیا جاتا ہے، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ غیر ضروری استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی کاروباری مراکز جلد بند کرنے کا رواج ہے، ہمیں بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنے دن کا آغاز فجر کے وقت اور اختتام عشاء کے بعد کرنا چاہیے تاکہ توانائی کی بچت ہو سکے۔

وفاقی وزیر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عالمی منڈی اور بین الاقوامی تنازعات، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال سے جوڑا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں کا براہِ راست تعلق عالمی مارکیٹ سے ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن قائم ہو تاکہ تیل کی قیمتیں مستحکم ہو سکیں۔

احسن اقبال نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد کے فیصلوں پر سیاست چمکانا ملک کے لیے نقصان دہ ہے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت بھی ان پالیسی فیصلوں میں برابر کی شریک رہی ہے۔ انہوں نے ٹیکس کلچر کے فروغ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک ہر شہری اپنے حصے کا ٹیکس ادا نہیں کرے گا، حکومت کے لیے لیوی اور دیگر ٹیکسز کا بوجھ کم کرنا مشکل ہوگا۔