اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کسی حکومتی پالیسی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایران سے جڑی جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تاریخی اضافے، خطے میں کشیدگی اور سپلائی میں رکاوٹوں کا نتیجہ ہے۔ جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک عالمی بحران ہے جس کا سامنا صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا کے تمام ممالک کر رہے ہیں،حکومت کے پاس قیمتوں کو مصنوعی طور پر دبانے کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے فیصلوں نے معیشت کو شدید نقصان پہنچایا اور ہمیں دیوالیہ ہونے کے قریب لے گئے، اسی لیے حکومت نے تمام صوبوں کی مشاورت اور اتفاق سے ذمہ دارانہ حکمتِ عملی اپناتے ہوئے معیشت کے استحکام کو ترجیح دی ہے، جبکہ کمزور طبقے کو ممکنہ حد تک تحفظ دینے کا نظام بھی بنایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ صورتحال عوام کے لیے مشکل ہے، مگر یہ عارضی ہے۔ جیسے ہی عالمی حالات بہتر ہوں گے، اس کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچایا جائے گا۔ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قومی یکجہتی اور ذمہ داری کا ہے تاکہ ہم مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کر سکیں۔