مشرقِ وسطیٰ کی جنگ سے عالمی معیشت اور غذائی تحفظ کو خطرات لاحق ہیں ، آئی ایم ایف، عالمی بینک اور ورلڈ فوڈ پروگرام کامشترکہ اعلامیہ

مشرقِ وسطیٰ کی جنگ سے عالمی معیشت اور غذائی تحفظ کو خطرات لاحق ہیں ، آئی ایم ایف، عالمی بینک اور ورلڈ فوڈ پروگرام کامشترکہ اعلامیہ

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)، عالمی بینک گروپ اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے سربراہان نے کہاہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ سے عالمی معیشت اور غذائی تحفظ کو خطرات لاحق ہیں ۔آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ بات آئی ایم ایف، عالمی بینک گروپ اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعدجاری مشترکہ بیان میں کہی گئی ہے۔

مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ بحران کے عالمی معیشت اور غذائی تحفظ پر اثرات کا جائزہ لینے تینوں عالمی اداروں کے سربراہان کااہم اجلاس واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہوا۔ اجلاس کے اختتام پرجاری مشترکہ اعلامیہ میں بتایاگیاہے کہ مشرقِ وسطیٰ کا حالیہ بحران نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں لوگوں کی زندگیوں اور روزگار کو شدید متاثر کر رہاہے، تنازعہ نے جدید تاریخ میں عالمی توانائی کی منڈیوں میں سب سے بڑے جھٹکوں میں سے ایک کو جنم دیا ہے۔

بیان کے مطابق تیل، گیس اور کھاد کی قیمتوں میں تیز اضافہ نقل و حمل میں رکاوٹوں کے ساتھ مل کر لازمی طور پر خوراک کی قیمتوں میں اضافے اور غذائی عدم تحفظ کو جنم دے گا۔ اعلامیہ میں خبردار کیا گیاہے کہ اس بحران کا سب سے زیادہ بوجھ دنیا کی کمزور اور غریب آبادیوں خاص طور پر کم آمدنی اوردرآمدی معیشت والے ممالک پرپڑے گا۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور خوراک کی ممکنہ مہنگائی ان ممالک کے لئے زیادہ تشویشناک ہے جہاں مالی وسائل محدود ہیں اور قرضوں کا بوجھ پہلے ہی زیادہ ہے جس سے حکومتوں کی اپنے معاشی طورپر کمزور طبقات کو تحفظ دینے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ متعلقہ عالمی ادارے صورتِحال پر مسلسل نظر رکھیں گے اور بحران سے متاثر ہونے والوں کی مدد کے لئے دستیاب تمام وسائل اور طریقہ کار کو مربوط انداز میں استعمال کریں گے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اپنے اپنے دائرہ اختیار کے مطابق اور موجودہ ردِعمل کے نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے یہ ادارے انسانی جانوں اور روزگار کے تحفظ کے لئے معاونت فراہم کریں گے اور ایسی مضبوط بحالی کی بنیاد رکھیں گے جو استحکام، معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو۔