انجیکشن کی 8 سوئیاں نگلنے والے بچے کو ڈاکٹروں نے بچا لیا

انجیکشن کی 8 سوئیاں نگلنے والے بچے کو ڈاکٹروں نے بچا لیا

لیما: جنوبی امریکی ملک پیرو میں ایک 2 سالہ بچے نے انجیکشن کی 8 سوئیاں نگل کر جان خطرے میں ڈال دی، تاہم ڈاکٹروں نے سرتوڑ کوشش کر کے بچے کو بچا لیا۔

روئٹرز کے مطابق شمال مشرقی پیرو میں ڈاکٹروں نے ایک ایسے دو سالہ لڑکے کی جان بروقت بچا لی، جس نے کھیلتے ہوئے انجیکشن کی آٹھ سوئیاں نگل لی تھیں۔

آپریشن کرنے والے ڈاکٹر ایفرین سالزار نے میڈیا کو بتایا کہ جب انھوں نے بچے کا پیٹ چاک کیا، تو انھیں اس میں دھاتی ٹکڑے ملے، اور یہ دیکھ کر وہ حیران رہ گئے کہ وہ میڈیکل سوئیاں تھیں۔

مقامی میڈیا نے بتایا کہ بچے کی ماں جانوروں کے ایک فارم میں کام کرتی ہے جہاں جانوروں کو ٹیکے لگانے کے لیے انجیکشن استعمال کیے گئے تھے، بچے نے کھیلتے ہوئے وہی سوئیاں اٹھا کر نگل لیں۔

یہ واقعہ پیرو کے دارالحکومت لیما سے تقریباً 622 کلومیٹر (386 میل) دور تاراٹوپو کے زرعی علاقے میں پیش آیا۔ لڑکے کی ماں نے کہا کہ اس کا بچہ وہاں کھیل رہا تھا شاید اسی دوران اس نے سوئیاں نگل لیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ سرجری کے بعد بچے کی حالت خطرے سے باہر تھی۔

کیٹاگری میں : صحت