فیصل آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ چنیوٹ کے مضافاتی علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گاکیونکہ ان علاقوں میں طبی سہولیات کی کمی کے باعث غریب عوام کو علاج معالجے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے، اسی لیے ہر ماہ ایک یا دو مرتبہ فری میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جہاں مستند ڈاکٹرز مریضوں کا مفت معائنہ اور علاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے آج چنیوٹ کے علاقے چک نمبر12 سلوتراں والا میں فری میڈیکل کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں نہ میڈیکل کالجز موجود ہیں اور نہ بڑے ہسپتال جبکہ قریبی بڑے شہروں تک پہنچنا بھی لوگوں کے لیے آسان نہیں جس کے باعث غریب مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فری میڈیکل کیمپس میں وہ ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں جو عام طور پر نجی کلینکس میں ہزاروں روپے فیس لیتے ہیں، تاہم یہاں غریب مریضوں کا مکمل طور پر مفت علاج کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے بعد دور دراز علاقوں میں بیماریوں کے اثرات اب بھی محسوس کیے جا رہے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ ان میڈیکل کیمپس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فری میڈیکل کیمپس کا یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ قیصر احمد شیخ نے ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مشترکہ کوششوں کے باعث پاکستان عالمی سطح پر مثبت اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اپنے ہمسایہ ملک ایران سمیت خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں جبکہ امریکہ اور چین کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلقات مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور اصولی مؤقف کے باعث عالمی برادری کا اعتماد پاکستان پر بڑھ رہا ہے اور دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار اور اہم ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بندرگاہوں پر ٹرانس شپمنٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی تجارت کا رخ پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بندرگاہ سمیت دیگر بندرگاہوں پر کاروباری سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور حکومت ان کی استعداد بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ تجارت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور مستحکم ملک ہے جہاں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور نئی صنعتوں کے قیام کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کر رہی ہے جبکہ معاشی استحکام کے لیے اہم فیصلے کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت، کابینہ اور ریاستی ادارے مل کر ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کام کر رہے ہیں جن کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے چنیوٹ کے مختلف علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں مستحق خواتین میں سوٹ بھی تقسیم کئے۔