معاشی چیلنجز کے باوجود عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے، پروفیسر احسن اقبال

معاشی چیلنجز کے باوجود عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے، پروفیسر احسن اقبال

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ خطے میں حالیہ کشیدگی اور ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان تنازع کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، تاہم حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی پر دن رات کام کر رہی ہے۔

ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت، خصوصاً شہباز شریف اور عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں جنگ بندی ممکن ہوئی، جس سے ایک بڑے بحران کو ٹالنے میں مدد ملی تاہم اس کے باوجود عالمی سطح پر پیدا ہونے والے معاشی دبائو کے اثرات سے پاکستان مکمل طور پر محفوظ نہیں رہ سکتا۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا، معاشی استحکام کو یقینی بنانا اور ترقی کے سفر کو جاری رکھنا ہے۔

اس مقصد کے لیے متبادل وسائل اور معاشی راستوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ عالمی حالات کے منفی اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط قوم ہے جو مشکل حالات میں کبھی ہمت نہیں ہارتی۔ “ہم نے اس سے کہیں بڑے امتحانات کا سامنا کیا ہے اور ہر بار زیادہ مضبوط اور متحد ہو کر ابھرے ہیں ۔

انہوں نے کہا۔انہوں نے قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری قوم کو متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ یہ صرف حکومتی پالیسی کا نہیں بلکہ قومی عزم، صبر اور اتحاد کا امتحان ہے۔ ہم سب مل کر ان مشکلات پر قابو پائیں گے اور ملک کے مستقبل کو محفوظ بنائیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کو اپنے عوام پر مکمل اعتماد ہے اور مشترکہ کوششوں سے پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گا۔