لاہور میں توانائی بچت مہم کی خلاف ورزی پر 60 سے زائد دکانیں سیل

لاہور میں توانائی بچت مہم کی خلاف ورزی پر 60 سے زائد دکانیں سیل

لاہور۔8اپریل (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور میں توانائی بچت مہم کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ نے کریک ڈاون کرتے ہوئے شہر بھر میں 60 سے زائد دکانیں اور ریسٹورنٹس سیل کر دیئے. ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز کی ہدایت پر گزشتہ روز بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی تحصیلوں میں مارکیٹوں کو رات 8 بجے اور ریسٹورنٹس کو 10 بجے بند کروایا۔ تحصیل کینٹ میں 22، علامہ اقبال ٹائون میں 13، ماڈل ٹائون میں 6 جبکہ تحصیل سٹی میں 10 دکانوں اور ریسٹورنٹس کو وقت کی پابندی نہ کرنے پر سیل کیا گیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا ہے کہ توانائی کی بچت قومی مفاد میں ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔