لاہور میں 200 لیٹر تیار جعلی کولڈ ڈرنکس، 250 لیٹر دودھ تلف

لاہور میں 200 لیٹر تیار جعلی کولڈ ڈرنکس، 250 لیٹر دودھ تلف

لاہور۔31مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے مختلف علاقوں میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیوں کے دوران 1500 لیٹر پری مکس، 200 لیٹر تیار جعلی کولڈ ڈرنکس، 250 لیٹر دودھ اور 100 کلو سے زائد مختلف کیمیکلز تلف کر کے فلنگ مشینیں، گیس سلنڈر، پریشر سلنڈر، موٹر اور نیلے ڈرم ضبط کر لیے۔ انہوں نے کہا کہ لکھوڈیر کے رہائشی علاقے میں قائم گھر نما یونٹ میں غیر منظور شدہ فارمولے سے جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں جن پر مختلف معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگائے جا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران موقع پر موجود تمام خام اور تیار مال قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا۔کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 86 یونٹس اور سپلائرز کی چیکنگ کی گئی، ایک مقدمہ درج، 2 یونٹس کو سیل جبکہ 10 کو 7 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

علی الصبح ناکہ بندیوں کے دوران 75 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 63 ہزار لیٹر دودھ بھی چیک کیا گیا۔لکھوڈیر، جوہر ٹاون، فیصل پارک، ایم ایم عالم روڈ، گڑھی شاہو اور گلبرگ میں ہونے والی ان کارروائیوں میں متعدد ریسٹورنٹس اور کنفیکشنری یونٹس کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق یونٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات، فنگس زدہ دیواریں، بدبودار ماحول، ملازمین کے میڈیکل و ٹریننگ سرٹیفکیٹس اور سپلائی ریکارڈ کی عدم موجودگی سمیت کئی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں جبکہ پروسیسنگ ایریاز میں کیڑوں، مکھیوں اور مکڑی کے جالوں کی بہتات پائی گئی،جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔