کامیاب اور متحرک سفارتکاری کے باعث آج دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں ،پاکستان نے عالمی برادری میں اپنا مقام مزید مستحکم کیا ہے،سید یوسف رضا گیلانی

کامیاب اور متحرک سفارتکاری کے باعث آج دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں ،پاکستان نے عالمی برادری میں اپنا مقام مزید مستحکم کیا ہے،سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کامیاب اور متحرک سفارتکاری کے باعث آج دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں اور پاکستان نے عالمی برادری میں اپنا مقام مزید مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان نے عالمی امور میں ذمہ دار اور مثبت کردار ادا کیا ہے جس کی ایک نمایاں مثال خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے اس کی مؤثر سفارتی کاوشیں ہیں۔ اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کے سلسلے میں منعقدہ نیشنل ٹورازم ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیاحت پاکستان کی معاشی ترقی، عالمی تشخص کے فروغ اور قومی ہم آہنگی کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے تقریب میں شریک حکومتی نمائندوں، بین الاقوامی سیاحتی اداروں، سفارتکاروں، سرمایہ کاروں اور نجی شعبے کے نمائندگان پر مشتمل معزز اجتماع کو سراہا اور وزیراعظم کے قومی رابطہ کار برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا جن کی قیادت میں اس مکالمے کا انعقاد ممکن ہوا اور جو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پی ٹی ایم کا موضوع پاکستان کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ عالمی سیاحتی رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے عوامی و نجی شراکت داری کے ماڈل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون کی بہترین مثال ہے اور اسی نوعیت کی شراکت داریاں سیاحت کے شعبے میں پائیدار ترقی، جدت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ناگزیر ہیں۔پ

پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک قدیم تہذیبوں، ثقافتی تنوع اور قدرتی حسن کا ایک منفرد امتزاج پیش کرتا ہے، موہنجو داڑو، مہرگڑھ اور وادی سندھ جیسی عظیم تہذیبوں سے لے کر گندھارا کے شاندار آثار تک، پاکستان ایک بھرپور تاریخی ورثے کا امین ہے، اس کے ساتھ ساتھ بلند و بالا پہاڑی سلسلے، سرسبز وادیاں اور دلکش مناظر دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے اپنے آبائی شہر ملتان کا ذکر کرتے ہوئے’’مدینۃ الاولیاء‘‘کی روحانی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان کی صوفیانہ روایت امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان محض ایک سیاحتی مقام نہیں بلکہ ایک منفرد اور بامعنی تجربہ ہے جو آنے والوں کے دلوں پر دیرپا اثر چھوڑتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سیاحت قومی معیشت کے لئے ایک مؤثر محرک ہے جو زرمبادلہ کے حصول، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اپنے دورِ وزارتِ اعظمیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی ملک میں روابط کے فروغ اور سیاحتی شعبے کی ترقی کے لئے مؤثر اقدامات کئے گئے اور آج پاکستان ٹریول مارٹ اسی وژن کا تسلسل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی ایم 2026 کے موقع پر سرمایہ کاری کے لئے تیار منصوبے پیش کئے جا رہے ہیں جن میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت تیار کردہ اقدامات بھی شامل ہیں جو اس شعبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پاکستان کے سنجیدہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔سیاحت کی سٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سافٹ پاور کا ایک مؤثر ذریعہ ہے،پاکستان آنے والا ہر سیاح دراصل ہمارے ملک کا سفیر بن جاتا ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ یہاں کی مہمان نوازی، ثقافت اور روایات کا براہِ راست تجربہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے آذربائیجان، ملائیشیا، تھائی لینڈ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے مندوبین اور عالمی سیاحتی اداروں کے نمائندگان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی شرکت میں اضافہ پاکستان کے سیاحتی امکانات پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔چیئرمین سینیٹ نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ محض مکالموں تک محدود نہ رہیں بلکہ عملی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے پالیسی کے تسلسل، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہی عناصر کے ذریعے پاکستان سیاحت کے شعبے میں اپنی مکمل صلاحیت بروئے کار لا سکتا ہے۔
آخر میں انہوں نے پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، شراکت داروں اور شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بطور چیئرمین سینیٹ سیاحت کے فروغ، سرمایہ کاری کے استحکام اور پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام دلانے کے لئے ہر ممکن قانون سازی اور پالیسی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سید علی حیدر گیلانی، چیئرمین سینیٹ کی مشیر و سفیر برائے بین الپارلیمانی سپیکر کانفرنس مصباح کھر بھی موجود تھیں۔