اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) اور یونیورسٹی آف واہ کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے۔ ایم او یو پر کامسٹیک کی جانب سے کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور یونیورسٹی آف واہ کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل الر نبی نے دستخط کئے۔معاہدے کا مقصد اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
دونوں اداروں نے مشترکہ تعلیمی و تحقیقی پروگرامز، طلبہ اور محققین کے تبادلے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں علم کے فروغ پر اتفاق کیا۔معاہدے کے تحت او آئی سی رکن ممالک کے طلبہ کو کامسٹیک کے تعاون سے یونیورسٹی آف واہ میں گریجویٹ سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے جس کا مقصد تحقیقی صلاحیتوں اور تعلیمی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔اس موقع پر کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ یہ اشتراک او آئی سی رکن ممالک میں سائنسی تعاون کے فروغ اور معیاری اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو وسعت دینے کے کامسٹیک کے عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے سائنسی و تکنیکی میدان میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مضبوط تعلیمی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف واہ پروفیسر ڈاکٹر جمیل الر نبی نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف واہ کامسٹیک کے ساتھ مل کر تحقیق، تعلیمی معیار اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کیلئے کام کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشتراک طلبہ اور اساتذہ کیلئے نئی تعلیمی و تحقیقی مواقع فراہم کرے گا۔دونوں ادارے کانفرنسز، سیمینارز، ورکشاپس اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد میں بھی تعاون کریں گے جبکہ اساتذہ اور محققین کے تبادلے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔