جس قدر ممکن ہو سکا حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ خود اٹھا کر عوام کو ریلیف دیا، موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان رجسٹریشن اپنے نام ہونے سے مستقبل میں حکومتی ریلیف سے فائدہ اٹھا سکیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

جس قدر ممکن ہو سکا حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ خود اٹھا کر عوام کو ریلیف دیا، موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان رجسٹریشن اپنے نام ہونے سے مستقبل میں حکومتی ریلیف سے فائدہ اٹھا سکیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

لاہور۔29مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عوامی ریلیف کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں میں جس قدر ممکن ہو سکا حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ خود اٹھا کر عوام کو ریلیف دیا، موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان رجسٹریشن اپنے نام ہونے سے مستقبل میں حکومتی ریلیف سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس اتوار کو منعقد ہوا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطاء اللہ تارڑ ، ڈاکٹر مصدق ملک ، احسن اقبال ، شزا فاطمہ خواجہ، اویس خان لغاری، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے، حالیہ صورتحال میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی، جس قدر ممکن ہو سکا گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا، تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے کی خطیر رقم،مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکے دی تاکہ عوام عالمی سطح پر کشیدگی کے براہ راست اثرات سے محفوظ رہیں۔ اجلاس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرینسنگ کو ترجیح دی جائے ۔

وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن ان کے اپنے نام کروانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں، اس اقدام سے ملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائے گا اور ان کے مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سے دئیے جانے والے ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملےگا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریوں کے ساتھ اس سلسلے میں رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی با قاعدگی سے نگرانی کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اپریل کیلئے پیٹرول کی درآمد کا انتظام ہو چکا ہے۔ دیگر ممالک کے بر عکس پاکستان میں ایندھن کی فراہمی کے حوالے سے نہ تو لمبی قطاریں ہیں اور نہ ہی بد انتظامی ہے جو حکومت کے بہترین انتظام کا ثبوت ہے۔ اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق بروقت حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں تیل کی صورتحال کو احسن طور سے مینیج کیا گیا ہے۔ اجلاس میں موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ چلانے والوں کیلئے مجوزہ فیول سپورٹ پروگرام کیلئے تیار شدہ ایپ پر بھی بریفنگ دی گئی ۔