جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، واسا ہائی الرٹ

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، واسا ہائی الرٹ

راولپنڈی۔ 30 مارچ (اے پی پی):جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان کے مطابق شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈرپاس، مری روڈ اور صادق آباد کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس میں پانی کا بہاؤ تاحال معمول کے مطابق ہے، جس سے کسی بڑے خطرے کی صورتحال نہیں۔بارش کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ سیدپور میں 18 ملی میٹر، گولڑہ میں 15 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 16 ملی میٹر، پیر ودھائی میں 15 ملی میٹر، چکلالہ میں 13 ملی میٹر جبکہ کٹاریاں کے مقام پر 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترجمان واسا کے مطابق ایم ڈی کی ہدایت پر فیلڈ افسران خود نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔واسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نالوں اور گٹروں کے ڈھکن کھلے رکھنے کے ساتھ ساتھ کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔