ہلال احمر پاکستان کا ترکیہ کے سفارت خانہ میں عطیہ خون کا کیمپ

ہلال احمر پاکستان کا ترکیہ کے سفارت خانہ میں عطیہ خون کا کیمپ

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان کے ریجنل بلڈ ڈونر سینٹر نے ترکیہ کے سفارت خانے میں ترکیہ ریڈ کریسنٹ کے تعاون سے خون کے عطیات کی مہم کا انعقاد کیا۔ یہ اقدام دونوں نیشنل سوسائٹیز کے درمیان پائیدار انسانی ہمدردی پر مبنی شراکت داری اور مشترکہ عزم کی تجدید تھا۔پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے سفارت خانے کے عملے اور سفارت کاروں کے ہمراہ اس مہم میں بھرپور شرکت کی اور خون عطیہ کیا۔اس موقع پر چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان فرزانہ نائیک، پاکستان میں ترکیہ ریڈ کریسنٹ کی سربراہ بیضا ٹینر اور دونوں اداروں کے عملے نے شرکت کی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے خون کے عطیات کی مہم کے انعقاد پر ہلال احمر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور رضاکارانہ خون عطیہ کے فروغ اور کمزور طبقات کی مدد کے لیے اس کے عزم کو قابلِ تحسین قرار دیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کرنا دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور خون عطیہ کرنا انسانیت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا مؤثر اور زندگی بچانے والا عمل ہے۔چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان فرزانہ نائیک نےترکیہ کے سفیر سمیت دیگر سفارتکاروں اور سفارتی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو بامعنی اور مؤثر انسانی خدمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ خون عطیہ کرنا انسانیت کی اعلیٰ ترین خدمت ہے کیونکہ خون کا ایک یونٹ قیمتی جانیں بچانے اور ضرورت مند مریضوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہو سکتا ہے۔فرزانہ نائیک نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات کے وسیع انسانی اثرات ہوتے ہیں اور بڑھتی ہوئی انسانی ضروریات کے پیش نظر باہمی تعاون ناگزیر ہے تاکہ محفوظ خون کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔