اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک جوہری طاقت کے طور پر خود کو کامیابی سے منوایا ہے اور اب ایک خود انحصار معیشت کے حوالے سے منوانا ہے۔پیر کو چیمبر ہاؤس میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط دفاعی ڈھانچہ قومی سلامتی کے لئے ناگزیر ہے تاہم طویل مدتی خودمختاری اور خوشحالی کے لئے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی بھی لازم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا انصاف پسندی کو یقینی بنانے، محصولات کی وصولی کو بڑھانے اور معاشی اعتماد کو فروغ دینے کے لئے اہم ہے۔
ترقی کے کلیدی محرکات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو زراعت، صنعت اور ٹیکنالوجی میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے برآمدات کے فروغ کو ترجیح دینی چاہئے اور ساتھ ہی ساتھ ملکی پیداواری صلاحیتوں کو مضبوط بنا کر درآمدات پر انحصار کم کرنا چاہئے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں خاص طور پر رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کو راغب کرنے کے لئے ایک جامع اور سرمایہ کار دوست فریم ورک متعارف کرائے۔
انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ اور تعمیرات میں سرمایہ کاری میں اضافہ معاشی سرگرمیوں کے لئے ایک محرک کے طور پر کام کرے گا، روزگار پیدا کرے گا اور اس سے وابستہ صنعتوں کی ایک وسیع رینج کو متحرک کرے گا ،اس طرح پائیدار اقتصادی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرے گا۔