لاہور۔3اپریل (اے پی پی):حکومت پنجاب نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک اور انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے ویٹنری گریجویٹس اور پیراویٹس کے لیے خصوصی انٹرنشپ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔یہ پروگرام صوبے بھر کے ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو عملی تربیت اور مالی معاونت فراہم کرے گا۔ اس انٹرنشپ پروگرام کے تحت ویٹنری گریجویٹس کو ماہانہ 60,000 روپے جبکہ پیراویٹس کو 40,000 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، تاکہ وہ بغیر کسی مالی دبائو کے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں اور عملی میدان میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ عملی تجربہ فراہم کرنا، لائیو سٹاک کے شعبے میں افرادی قوت کو مضبوط بنانا اور جانوروں کی صحت و پیداوار کو بہتر بنانا ہے۔
اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف ویٹنری سروسز کا معیار بہتر ہوگا بلکہ دیہی علاقوں میں مویشی پال حضرات کو بھی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ حکومت پنجاب کا یہ اقدام دیہی معیشت کے استحکام میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، کیونکہ لائیو سٹاک کا شعبہ پاکستان کی زرعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی سے بیماریوں کی روک تھام، ویکسینیشن، اور جانوروں کی دیکھ بھال کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔مزید برآں، یہ پروگرام نوجوانوں میں خود اعتمادی، پیشہ ورانہ مہارت اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، جس سے صوبے میں بے روزگاری کی شرح میں کمی آئے گی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔