اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےعالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے باعث ملک پر معاشی اور مالیاتی اثرات سے نمٹنے کے لئے درمیانی اور طویل مدتی جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معیشت کے استحکام و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے تمام ضروری اقدامات پر عزم انداز میں جاری رکھے گی۔بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ملک پر مالیاتی اور معاشی اثرات سے بچائو کے لئےجامع لائحہ عمل مرتب کرنے سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا ۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی حالیہ صورتحال کے مالیاتی اور معاشی اثرات سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی اور تعاون کو مزید موثر کرنے کی ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کو حالیہ صورتحال کے تناظر میں اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کا توازن برقرار رکھنے میں مشکل درپیش ہے، الحمدللہ پاکستان اس مشکل صورتحال کو بڑی کامیابی اور مؤثر طریقے سے حل کر رہا ہے،تمام اداروں نےاشیاء ضروریہ کی طلب و رسد میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کی روک تھام کے لئے موثر اور بروقت اقدامات کئے ہیں جو لائق تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں اشیائے خوردو نوش کی ملکی ضروریات کی فراہمی کے بعد وافر مقدار کو برآمد کرنے کے لئے جامع حکمت عملی پر پیشرفت کامیابی سے جاری ہے،حکومت ملکی معیشت کے استحکام و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے تمام ضروری اقدامات پر عزم انداز میں جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے باعث ملک پر معاشی اور مالیاتی اثرات سے نبرد آزما ہونے کے لئےدرمیانی اور طویل مدتی جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے باہمی تعاون سے حکمت عملی معیشت کے تمام شعبوں کے استحکام اور ترقی کومد نظر رکھ کر بنائی جائے،عالمی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں پیداواری لاگت بڑھنے سے برآمدات اور ملکی مجموعی پیداوار پر اثرات کو کم سے کم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات تجویز کئے جائیں،حالیہ کشیدہ معاشی صورتحال کی زراعت و صنعت کی پیداوار پر اثرات روکنے کے لئے دستیاب ذرائع اور مواقع کو بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر موجودہ صورتحال کے تناظر میں معاشی اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مرتب کردہ حکمت عملی معیشت کے تمام شعبوں کی پیداوار اور طلب و رسد کے توازن کو متاثر نہ کرے۔وزیراعظم نے مشکل صورتحال کے باوجود پاکستان میں اشیائے ضرویہ کی طلب و رسد کے توازن کو قائم رکھنے پر اظہار تشکر بھی کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حکمت عملی کو مرتب کرنے میں بیرونی اور اندرونی میکرو اکنامک اثرات کو بھی خصوصی طور پر جانچا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔