اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):حکومت نے ملک کے قرضوں کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے ’’فسکل ریسپانسیبلٹی اینڈ ڈیٹ لیمیٹیشن ایکٹ 2005‘‘ میں اہم ترامیم کا فیصلہ کیا ہے ۔ ترمیمی بل 2025 کے تحت ڈیٹ مینجمنٹ آفس میں ڈائریکٹرز کی تعداد کی مقررہ حد ختم کر دی گئی ہے اور اب اس کا تعین خصوصی کمیٹی کرے گی ۔
پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں پیش کیے گئے فسکل ریسپانسیبلٹی اینڈ ڈیٹ لیمیٹیشن ایکٹ 2005 کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹرز کی تقرری تین سالہ کنٹریکٹ پر ہوگی جس میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر توسیع بھی دی جا سکے گی ۔ ان عہدوں پر تعیناتی کے لیے سخت پیشہ ورانہ اور تعلیمی معیار مقرر کیا گیا ہے ۔
ان ترامیم کا مقصد ڈیٹ مینجمنٹ آفس کو جدید ضروریات کے مطابق ہم آہنگ کرنا اور قرضوں کی نگرانی کے عمل کو مزید موثر بنانا ہے۔ یہ قانون منظوری کے فوراً بعد نافذ کر دیا جائے گا۔