کراچی۔31مارچ (اے پی پی):گورنر سندھ نہال ہاشمی سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نےملاقات کی۔ منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ تقرری ایک خوش آئند اقدام ہے جو صوبے میں مثبت تبدیلیوں کا باعث بنے گی۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کراچی کی تعمیر و ترقی میں پشتون برادری کے کردار کو سراہا۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور آمد پر پرتپاک استقبال کیا اور اس موقع پر انہیں سندھی ثقافت کی روایتی علامت سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور گورنر سندھ نے باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور صوبے کی ترقی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق اور مسلم لیگ (ن) سوشل میڈیا سندھ کے صدر خرم بھٹی بھی موجود تھے۔